حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے، سرتاج عزیز

پیر 7 مئی 2018 12:23

حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے، ان اقدامات کی بدولت ملک میں تھری جی اور فور جی کی سہولیات میسر آرہی ہیں جس کے استعمال سے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور مستفید ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 19 کروڑ 67 لاکھ 28 ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کا مقصد پیمرا کے تحت 250 ٹی وی چینلس کی مانیٹرنگ نظام کو اپ گریڈ کر نا ہے جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تین منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ میڈیسن بائوٹنک سنٹر کو اپ گریڈ کر کے نیشنل سنٹر فار ہربل میڈیسن کمپلیکس پشاور میں تبدیل کرنا ہے جس کے لئے 13 کروڑ 6 لاکھ روپے کی لاگت مختص کی گئی جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسرا منصوبہ مسلم باغ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجئینرنگ اور مینجمنٹ سائینسز کوئٹہ کے کیمپس کے قیام کے لئے ایک ارب 55 کروڑ 42 لاکھ 34 ہزار روپے لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں نسٹ اسکول کالجز کی لیبارٹریوں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور اپ گریڈیشن کے لئے 46 کروڑ 25 لاکھ 60 ہزار روپے مختص کیے گئے جس کو اجلا س میں منطور کر لیا ہے۔