احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں بڑی پیش رفت اہم ترین گرفتاری کرلی گئی

احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 7 مئی 2018 12:21

احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں بڑی پیش رفت اہم ترین گرفتاری کرلی گئی
نارووال/لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 مئی۔2018ء)   وزیرداخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔وزیرداخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت نے 5 رکنی جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن وقاص نذیرہوں گے جب کہ ممبران میں آئی ایس آئی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

جے آئی ٹی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کرے گی جب کہ ملزم سے تفتیش سمیت عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کرکررپورٹ پیش کرے گی۔ادھر وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ اس موقع پرسیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے فاضل جج سے ملزم عابد حسین کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔

قبل ازیں نارووال میں وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے ملزم کا ایک ساتھی گرفتارکیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عظیم، عابد حسین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جلسہ گاہ پہنچا تھا۔ واقعے کے بعد عظیم جائے وقوع سے فرار ہوگیا تھا، گرفتار ملزم عظیم منظور پورہ کا رہائشی ہے۔اس سے قبل گرفتار ملزم عابد نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اس نے ختم نبوت ﷺکے معاملے پر احسن اقبال پر حملہ کیا،یہ فیصلہ میرا ذاتی تھا، جس میں اور کوئی شریک نہیں ہے۔

دوسری جانب پولیس نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ غریب شاہ میں اے ایس آئی شاہ غریب محمد اسحاق کے استغاثہ پردرج کرلیا گیا، مقدمہ کا نمبر73/18 ہے۔ایف آئی آرکے مطابق وفاقی وزیرداخلہ پرفائرنگ نارروال میں جلسہ ختم ہونے پرکی گئی، احسن اقبال پرقتل کی نیت سے 30 بورسے سیدھا فائرکیا گیا، واقع کے بعد موقع پربھگدڑمچ گئی جب کہ ملزم اسلحہ سمیت موقع سے گرفتارکرلیا گیا تھا۔

وزیرداخلہ پرحملہ کے خلاف مقامی تاجرتنظیموں نے علامتی شٹرڈاﺅن ہڑتال کا اعلان کیا ہے جب کہ سماجی اورکاروبای تنظیمیں احسن اقبال سے اظہاریکجہتی کے لئے ریلی بھی نکالیں گی۔ادھر لاہور کے سروسزہسپتال میں زیرعلاج احسن اقبال کی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔احسن اقبال کی کی کہنی اورکندھے کے درمیان فریکچرموجود تھا۔احسن اقبال کا دوسرا آپریشن مکمل ہونے کے بعد انہیں آپریشن تھیٹرسے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز کی ٹیم نے احسن اقبال کی طبیعت کو مکمل طور پرتسلی بخش قرار دے دیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرداخلہ احسن اقبال کی ناروال میں کنجروڑکے علاقے میں کارنر میٹنگ ختم ہونے کے بعد رش کافائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم عابد حسین نے احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔