ٹور میچ ،پاکستان اور نارتھمپٹن شائر کامقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل

پاکستان کے پہلی اننگز میں428رنز ،میزبان سائیڈ نے 5وکٹوں پر 240 رنز بنا لیے

پیر مئی 12:52

ٹور میچ ،پاکستان اور نارتھمپٹن شائر کامقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل
نارتھمپٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07مئی 2018ء) اسد شفیق نے آئرلینڈ کے خلاف تاریخ ٹیسٹ میچ سے قبل بھرپور بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرلی، انہوں نے نارتھمپٹن شائر کے خلاف ناقابل شکست 186 رنز سکور کیے۔ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 357رنز 7وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز شروع کی تواسد شفیق 135اور محمد عامر12رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ۔

محمد عامر اپنے گزشتہ روز کے سکور میں محض4رنزکا ہی اضافہ کرسکے اور 16رنز بنا کر سٹیفن کروک کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ محمد عبا س نے 13گیندوں تک اسد شفیق کا ساتھ نبھایا جس کے بعد وہ ایک رن بنا کر کروک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پوویلین لوٹے۔نمبر 11پر بلے بازی کے لیے آنے والے راحت علی نے اسد شفیق کا خوب ساتھ نبھایا اور دونوں بلے بازوں نے آخری وکٹ کی شراکت میں 56قیمتی رنز کا اضافہ کیا جس میں راحت کا حصہ14رنز کارہا،ایک موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید اسد شفیق ڈبل سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوجائیں تاہم 428کے مجموعی سکور پر راحت علی روب کیوگ کی گیند پررچرڈ لیوی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے ،اسد شفیق186رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے جبکہ نارتھمپٹن شائر کیلئے کروک اور کیوگ نے 4،4اورویڈ اور ہٹن نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔

(جاری ہے)

جواب میں ہوم سائیڈ نے دوسری اننگز میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پانچ وکٹ پر 240 رنز بنا کر 71رنز کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستانی باﺅلنگ اس بار زیادہ متاثر نہ کرسکی، کپتان روب نیوٹن 102 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔ ایڈم روسنگٹن نے 42 اور جوش کوب نے 52 رنز بنائے، گرین شرٹس کے لیے شاداب خان اور راحت علی نے دو، دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ لی، محمد عامر کو ایک بار پھر کوئی کامیابی نہیں ملی۔

متعلقہ عنوان :