ن لیگی کارکنان کا مائنس نواز فارمولا

تشہیری مہم میں نواز شریف کی ایک تصویر بھی موجود نہیں ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 مئی 2018 12:57

ن لیگی کارکنان کا مائنس نواز فارمولا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نا اہل کیا کیا نواز شریف تو کارکنان کے دل سے بھی اُترنے لگے ۔ فیصل آباد میں ن لیگ کی تشہیری مہم میں نواز شریف کی ایک تصویر تک نہیں لگائی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک طرف تو نواز شریف شہر شہر جلسے کر رہے ہیں، دوسری جانب مسلم لیگ ن کے متوالوں نے اپنے نا اہل قائد کو الیکشن مہم سے ہی باہر نکال دیا۔

فیصل آباد میں لگے بینرز اور ہورڈنگز پر مریم نواز کی تصویر تو لگائی گئی لیکن مسلم لیگ ن کے قائد کو کسی نے پوچھا تک نہیں۔ فیصل آباد میں لگائے گئے بینرز اور ہورڈنگز میں سے کسی ایک پر بھی قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی تصویر موجود نہیں ہے۔ یہ دیکھ کر لیگی رہنما رانا افضل نے کہا کہ ایسے اُمیدوار بے وقوف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف جب خود کہتے ہیں کہ میرا قائد نواز شریف ہے تو یہ لوگ کون ہیں، آج الیکشن لڑنے کے لیے بہت سے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے مہم تو شروع کر رکھی ہے لیکن انہیں یہ نہیں معلوم کہ انہوں نے بننا کیا ہے۔

فیصل آباد میں لگائے گئے بینرز پر نواز شریف کی تصویر غائب ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں جس پر سیاسی حریفوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی تصاویر بل بورڈز ، بینرز اور ہورڈنگز سے غائب ہونا ایک اشارہ ہے اور اب نواز شریف کو سمجھ جانا چاہئیے کہ ان کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی ن لیگی کارکنان نے نواز شریف کو مائنس کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے اُمیدواروں کو یہی نہیں معلوم کہ ٹکٹ کا فیصلہ تو خود نواز شریف نے ہی کرنا ہے ، انہوں نے نواز شریف کو مائنس کر کے خود اپنے لیے ہی مشکل کھڑی کی ہے ، عین ممکن ہے کہ پارٹی اسے بے وقوف رہنماؤں کو ٹکٹ نہ دے۔