حریت رہنمائوں اور تنظیموںکی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت

ْ مقبوضہ علاقے میں بڑی تعد اد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی سے کوئی بھی کشمیری محفوظ نہیں نہتے کشمیریوں کا قتل عام منصوبہ بند نسل کشیُ کا واضح ثبوت ہیں،اقوام عالم سے مداخلت کی اپیل

پیر 7 مئی 2018 13:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوں اور تنظیموں نے شوپیاں کے علاقے شوپیاں اور چھتہ بل میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ دودونوں کے دوران شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اورانجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک بیان میںشہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری قوم بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔

انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے بڑی محلہ امام صاحب شوپیاں اور پلوامہ میں 14عام شہریوں کوشہید ا و زمتعددکوزخمی کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بڑی تعد اد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی سے کوئی بھی کشمیری محفوظ نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے تحت انہیں حاصل کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔

انہوںنے شہداء کی بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔آغا حسن الموسوی نے کہا کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری یونیورسٹی کے پروفیسرکی شہادت اقوام متحدہ کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔سینئر حریت رہنماء اوراتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا عباس انصاری نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوںکے قتل عام اور عام شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوںکشمیری قوم کی نسل کشی ُانتہائی افسوسناک ہے اور فورسز کی اس چنگیزیت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ حریت رہنمائوںحریت رہنمائوںمحمد یاسین ملک ، قاضی احمد یاسر ، غلام محمد خان سوپوری ، فریدہ بہن جی ، یاسمین راجہ ، زمردہ حبیب،ظفر اکبربٹ محمد مصدق عادل ،بیرسٹر عبدالمجید ترمبو، شبیر احمد ڈر، جاوید احمد میر،فردوس احمد شاہ اور امتیاز احمد ریشی نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اوروائس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر ، نیشنل فرنٹ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ،سینٹر فار سوشل اینڈ ڈیویلپمنٹ اسٹیڈیز اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں محمد یاسین خان ،فاروق احمد ڈار ، اعجاز اوردیگرنے بھی اپنے بیانات میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیری عوام کو بھارت کے ظلم و تشدد اور قتل عام سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران گزشتہ دودنوں میںشوپیاں اور چھتہ بل میں کشمیر یونیورسٹی کے ایک پروفیسر سمیت 14کشمیری نوجوانوںکو شہید کر دیا ہے ۔