احسن اقبال کامیاب آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل ،

وزیر داخلہ پر حملے کا مقدمہ تھانہ شاہ غریب میں درج وفاقی وزیر کے دو آپریشن کئے گئے ایک کا مقصد پیٹ سے گولی نکالنا ،دوسرے کا مقصد ٹوٹی ہوئی کہنی کی ہڈی کو جوڑنا تھا‘ ایم ایس ڈاکٹروں کے فیصلے کے مطابق احسن اقبال کے معدے میں جانے والی گولی کو نہیں نکالا گیا ‘ ڈاکٹر محمد امیر کی سرکاری ریڈیو سے گفتگو

پیر 7 مئی 2018 13:30

احسن اقبال کامیاب آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل ،
لاہور/نارروال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو کامیاب آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کردیاگیا۔جبکہ وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کا مقدمہ تھانہ شاہ غریب میں درج کرلیا گیاجس میں قاتلانہ حملے اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امیر نے سرکاری ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر کے دو آپریشن کئے گئے ایک کا مقصد ان کے پیٹ سے گولی نکالنا جبکہ دوسرے کا مقصد ان کی ٹوٹی ہوئی کہنی کی ہڈی کو جوڑنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے فیصلے کے مطابق احسن اقبال کے معدے میں جانے والی گولی کو نہیں نکالا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ آپریشن کے بعد ہوش میں ہیں اور ان کی حالت اچھی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امیر کے مطابق احسن اقبال کو فی الحال انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے اور چوبیس گھنٹے بعد انہیں پرائیویٹ روم منتقل کردیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس میں ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر محمد امیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ گولی لگنے سے احسن اقبال کی دو ہڈیا فریکچر ہوئیں جن کا آپریشن کر دیا گیا ہے ۔ احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں چند روز ہسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کر دیاجائے گا۔ دوسری جانب وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کا مقدمہ نمبر 73/18 تھانہ شاہ غریب میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ اے ایس آئی محمد اسحاق کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں قاتلانہ حملے اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آرکے مطابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرفائرنگ نارروال میں جلسہ ختم ہونے پرکی گئی۔احسن اقبال پرقتل کی نیت سے 30 بورسے سیدھا فائرکیا گیا، واقع کے بعد موقع پربھگدڑمچ گئی جبکہ ملزم کواسلحہ سمیت موقع سے گرفتارکرلیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر نارووال کی جانب سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چیف سیکرٹری کو بھیج دی گئی ہے۔