تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا

سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک ہوں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 مئی 2018 13:08

تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2018ء) : سندھ بھر کے تعلمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک ہوں گی۔ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سندھ میں شدید گرمی کے باعث محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی سفارش کی تھی۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات جلد کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھجوائی گئی۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سمری میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق چھٹیوں کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں ہر سال یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوتی ہیں تاہم گزشتہ سال بھی شدید گرمی کے باعث قبل از وقت چھٹیاں دے دی گئی تھیں۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں گذشتہ کچھ سالوں سے گرمی کی شدت دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ گذشتہ برس بھی کراچی میں ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت کے باعث سینکڑوں افراد کی جانیں گئیں جبکہ رواں برس بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔ ہیٹ اسٹروک کے باعث کئی شہریوں کی طبیعت بگڑی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ کراچی کے اسپتالوں میں گرمی کی شدت کے باعث ایمرجنسی بھی نافذ کر دی جاتی ہے ، ڈاکٹرز نے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے اور پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہری اپنے ساتھ پانی کی بوتل ضرور رکھیں اور بلا ضرورت گھر باہر نکلنے سے گریز کریں۔