وفاقی وزیرداخلہ پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں کریں،مرکزی ترجمان متحدہ مجلس عمل

پیر 7 مئی 2018 13:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ جے یو پی کے ملک بھر کے کارکنان و عہدیداران اس واقعہ پر دکھ اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہیں ۔

میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ ملک میں بڑھتی سیاسی و مذہبی انتہا پسندی کا شاخسانہ ہے ۔ معاشرے میں عدم برداشت کا بڑھتا رحجان انتہائی خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے ۔ سیاسی یا مذہبی اختلاف کو برداشت کرنے کا کلچر پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ سے پوری قوم سخت تشویش اور اضطراب میں مبتلا ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں کریں ۔ ایسا نہ کیا گیا تو سیاسی جماعتوں کے لئے انتخابی مہم چلانا مشکل ہو جائے گا ۔ قوم میں امن پسندی ، تحمل اور برداشت پیدا کی ضرورت ہے ۔ اس طرح کے شدت پسندانہ واقعات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست نفرت انگیز تقاریر کو روکنے کے لئے سخت ترین اقدامات کرے ۔ جے یو پی اور ایم ایم اے احسن اقبال کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔ ہم احسن اقبال کی سلامتی اور جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں ۔