یورپی صارفین کی جانب سے ڈیزل گاڑیوں کی طلب میں کمی،

نسان کا ہائبرڈ اور بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ

پیر 7 مئی 2018 14:15

یورپی صارفین کی جانب سے ڈیزل گاڑیوں کی طلب میں کمی،
ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) جاپان کی موٹر ساز کمپنی ’’نسان ‘‘ نے یورپی صارفین کی جانب سے ڈیزل گاڑیوں کی طلب میں کمی کے باعث ہائبرڈ اور بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ جاپان کے خبررساں ادارے کے مطابق نسان موٹرز دنیا بھر کو ڈیزل سے چلنے والی کئی اقسام کی گاڑیاں فروخت کرتی رہی ہے جن میں ایس یو وی اور چھوٹی گاڑیاں بھی شامل ہیں جو پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں سے ایندھن کی بہتر استعداد کی وجہ سے یورپ میں بہت مقبول ہیں۔

(جاری ہے)

یورپی صارفین کی ڈیزل کی گاڑیوں میں دلچسپی اس وقت کم ہونا شروع ہو گئی تھی جب 3 سال قبل واکس ویگن کمپنی کی گاڑیوں سے مضر صحت گیسوں اخراج کے ڈیٹا میں جعلسازی کرنے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد حکومتوں نے بھی ڈیزل گاڑیوں سے متعلق ماحولیاتی ضابطوں کو سخت کر دیا۔نسان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ یورپ میں نئے ماڈل کی گاڑیوں میں ڈیزل انجن نصب نہیں کرے گی اور ایسی گاڑیوں کی فروخت کو ختم کرنے کے سلسلے کا جلدآغاز کرے گی۔کمپنی کا ارادہ ہے کہ وہ ہائبرِڈ اور بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوارکو بڑھائے گی جن سے ضرر رساں گیسوں کا اخراج نہیں ہوتا ہے۔