سعودی خواتین ٹریفک کے شعبے میں ذمّے داریاں انجام دینے میں مصروف

خواتین کی ڈیوٹی میں سیٹ بیلٹ ،موبائل فون کے استعمال جیسی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنا شامل ہے،سعودی محکمہ ٹریفک

Sadia Abbas سعدیہ عباس پیر 7 مئی 2018 13:59

سعودی خواتین ٹریفک کے شعبے میں ذمّے داریاں انجام دینے میں مصروف
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) سعودی عرب میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے زمہ داریاں نبھانے میں پیش پیش ہیں ۔ مزید تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے کہاہے کہ اس وقت سعودی خواتین ٹریفک کے حوالے سے مختلف ذمّے داریاں انجام دے رہی ہیں۔ ان ذمّے داریوں میں دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور ہاتھ سے موبائل فون کے استعمال جیسی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنا خاص طور پر شامل ہے۔

البسامی نے بتایا کہ متعدد خواتین کو فیلڈ اور ایڈمنسٹریشن کی کارروائیوں میں شریک کرنے کے واسطے تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواتین ارکان آئندہ مرحلے میں فعّال کردار ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

ٹریفک کے سربراہ نے باور کرایا کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے سے متعلق شاہی فرمان پر یکم جون سے عمل درامد شروع ہو جائے گا اور ٹریفک کا نظام بنا کسی استثنا مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ہو گا۔

عبداللہ البسامی نے کہا جون 2018 میں سعودی خواتین کی ڈرائیونگ کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے ۔ کیونکہ جب سعودی خواتین سڑکوں پر گاڑی لے کر نکلیں گی تو ان کے ساتھ کسی مشکل صورتحال میں نپٹنے کے لیے خواتین ٹریفک پولیس آفسیرز بھی ہونی چاہیں ۔ اس لیے سعودی خواتین کی ٹریفک پولیس کی نفری بھی تیار کر لی گئی ہے ۔ البسامی نے کہا کہ خواتین ٹریفک پولیس اہلکار کی ڈیوٹی میں سیٹ بیلٹ ،موبائل فون کے استعمال جیسی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنا شامل ہے ۔

مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے سے متعلق شاہی فرمان پر یکم جون سے عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا اور اس شاہی فرمان پر منظم عملداری کے لیے اور ٹریفک کا نظام بنا کسی استثنیٰ کے مردوں اور خواتین کے لیے یکساں بنانے کے لیے یہ تیاریاں کی جا رہی ہیں۔