سمال انڈسٹری اعظم آباد کے قیام سے ہزارہ بھر کو فائدہ ہو گا،

کاروباری شخصیات کا تقریب سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 14:49

سمال انڈسٹری اعظم آباد کے قیام سے ہزارہ بھر کو فائدہ ہو گا،
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) نجی شعبہ کی سرمایہ کاری سے بیروزگاری کا خاتمہ اور ملکی ترقی کا پہیہ تیز ہوتا ہے، سمال انڈسٹری اعظم آباد کے قیام سے ہزارہ بھر کو فائدہ ہو گا، بابو جی کارپوریشن میں نوجوان ہنر مند کم سرمایہ سے مقامی سطح پر روز گار پیدا کر سکتے ہیں، ہزارہ کے ایوان صنعت و تجارت نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر چیمبر آف کامرس ایبٹ آباد حاجی افتخار احمد، صدر ایوان ِتجارت حویلیاں خورشید اعظم خان، صدر چیمبر آف کامرس ہری پور منظور الہٰی، انجینئر خالد قریشی، انجینئر نبیل عباسی، سید رمضان شاہ اور مقصودالرحمن قریشی نے بابو جی کارپوریشن اینڈ آرکیٹکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایبٹ آباد، ہری پور، حویلیاں کی ممتاز کاروباری شخصیات، صنعت کار اور عوامی نمائدوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اس کی صنعت کی روانی سے لگائی جاتی ہے جس ملک میں صنعت و تجارت زیادہ ہو گی اس کے عوام خوشحال ہو گی۔ حاجی افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بیرون ِملک بڑی بڑی کمپنیاں چلا رہے ہیں لیکن اپنے ملک کام کرنا پسند نہیں کرتے، اس کی ایک وجہ حکومتی سطح پر سرپرستی نہ ہونا ہے، ہزارہ میں اعظم آباد کے قریب سمال انڈسٹری اسٹیٹ کا قیام ایک انقلابی قدم ہو گا جس سے مقامی کاروباری اور صنعتی حلقوں کو ترقی کا موقع ملے گا۔

صدر ایوان تجارت حویلیاں خورشید اعظم خان نے کہا کہ بابو جی آرکیٹکٹ اینڈ ٹائون پلاننگ کے قیام سے نوجوان انجینئرز کو اپنی صلاحتوں کو منوانے کا موقع ملے گا اور عوام کو مقامی سطع پر اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر خالد قریشی کی نگرانی میں بابو جی کارپوریشن میں کام کرنے والے انجینئرز اپنے علم و ہنر سے قوم و ملک کی ترقی میں بہتر کردار ادا کریں گے۔

بابو جی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو انجینئر خالد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افراد کی کمی نہیں لیکن ہمارے ملک میں ہنر مند لوگوں کو سپورٹ نہیں کیا جاتا جس سے ہمارے قابل نوجوان بیرون ملک چلے جاتے ہیں اور اپنی صلاحتیوں سے دوسرے ممالک کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حب الوطنی کے جذبہ سے بیرون ملک سے اپنے وطن آئے ہیں تاکہ اپنے نوجوانوں کو ساتھ ملا کر اپنے علاقہ اور ملک کو ترقی دے سکیں۔ خالد قریشی نے کہا کہ انہیں ضلع ایبٹ آباد، ہری پور اور حویلیاں کی ایوانِ صنعت و تجارت کی سرپرستی حاصل ہے جس سے ان کا ادارہ بہت جلد ایک فعال کاروباری مرکز بنے گا۔