قرآن عظمت والی کتاب ہے، نبی کریمؐ کی سنتوں پر عمل کریں گے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی، مولانا سید ہدایت الله شاہ

پیر 7 مئی 2018 14:49

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ نے کہا ہے کہ قرآن عظمت والی کتاب ہے، قرآن الکریم پر عمل کرنے میں ہماری نجات ہے، نبی کریمؐ کی سنتوں پر عمل کریں گے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی، مساجد الله تعالیٰ کے گھر ہیں جو لوگ مساجد کو آباد کرتے ہیں، الله تعالیٰ ان کے گھروں کو آباد کرتے ہیں۔

وہ گذشتہ روز پیراں کلس میں بسم الله مسجد کی افتتاحی تقریب اور عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا زید امجد، مولانا احسان، مولانا راشد، مولانا محمد شکیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ اپنے تمام فیصلے مسجد نبویؐ میں کرتے تھے، خلفائے راشدین نے بھی اپنے تمام فیصلے مسجد میں کئے، جب مسلمان اپنے فیصلے مسجد میں کرتے تھے تو پوری دنیا پر غالب تھے، جب سے ہم نے اپنے فیصلے مسجد کی بجائے وزیراعظم اور صدر ہائوس میں کرنے لگے تو پھر دنیا میں مسلمان مغلوب ہو کر رہ گیا، جب تک ہم خلفائے راشدین کی طرز پر حکومت نہیں کریں گے تو ہم کامیاب نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک میں خلفائے راشدین کی طرز کی حکومت قائم کرے گی، 13 مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا، تمام لوگ اس جلسہ میں شرکت کریں۔ انہوںنے کہا کہ وہ خوش نصیب لوگ ہیں جن کے بچے قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، قیامت کے دن ان کے والدین کے سروں پر نور کے تاج پہنائے جائیں گے، قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے پائوں کے نیچے فرشتہ پر بچھاتے ہیں۔