ایم ایم اے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،

جے یو آئی کے کارکن الیکشن کیلئے تیاریاں تیز کریں، مولانا امجد خان لاہوری

پیر مئی 14:58

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا امجد خان لاہوری نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، جے یو آئی کے کارکن الیکشن کیلئے تیاریاں تیز کریں، ملک انتخابات بروقت ہونے چاہئے، التواء کے حوالہ سے خبریں ضرور ہیں لیکن آئینی طور پر ضرورت ہے، انتخابات وقت پر ہی ہونے چاہئیں، اسی پاکستان کو بحرانوں سے بچایا جاسکتا ہے، ایم ایم اے وطن عزیزمیں نظام مصطفیؐ کے نفاذ اور غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے میدان عمل میں ہے، پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنا کر ہی اب قیادت دم لے گی، مستقبل اب متحدہ مجلس عمل کا ہے، مجلس عمل ہی ملک کو بحرانوں سے آزاد کرا سکتی ہے۔

وہ پیر کو جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے یہاں میڈیا سے گفتگو اور مختلف تقریبات سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا مفتی ناصر محمود، مولانا شمس الحق، عبدالوحید خان سواتی، قاری وحید، قاری اشرف علی جدون، مولانا محمد خان عثمانی، شاعر جمعیت مطیع الرحمن اطہر ہاشمی اور دیگر موجود تھے۔ مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ حقیقی اسلامی انقلاب اب وطن عزیز میں ووٹ کی پرچی کے ذریعہ مجلس عمل لائے گی، ملک اس وقت بحرانوں کا شکار ہے، ان بحرانوں کا حل بھی مجلس عمل ہی کے پاس ہے اور بین الاقوامی طور پر وطن عزیز کو ایک غیر مستحکم ریاست بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ان سازشوں کا مقابلہ پاکستان میں متحدہ مجلس عمل کر رہی اور کرتی رہے گی۔

مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ پاکستان کی قوم مذہب سے بہت زیادہ پیار کر نے والی ہے اور اسلام کے نفاذ کیلئے پاکستان کی نوجوان نسل، خواتین اور عوام ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ملک میں اتحاد امت کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، کارکن آئندہ عام انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں کریں، الیکشن نزدیک ہیں جے یو آئی آئی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے بھرپور حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ کارکن عوام سے رابطے بڑھائیں اور ان کو جے یو آئی مجلس عمل کے منشور سے آگاہ کریں، انتخابی ماحول کچھ غیر یقینی صورتحال کا شکار بھی ہے لیکن ہم انتخابات کیلئے تیاریوں میں مصروف ہیں، ہم متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے پوری قوت کے میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کار کنوں سے کہاکہ وہ آئندہ عام انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں کریں۔