پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بیج والی پنسل متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا

بیج والی پنسل عمران خان کے بلین ٹری سونامی مہم کا حصہ ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر مئی 14:26

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بیج والی پنسل متعارف کروانے کا فیصلہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بیج والی پنسل متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے یہ فیصلہ بلین ٹری سونامی مہم کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ اس مہم کے تحت کراچی میں بلین ٹری منصوبے کی تکمیل میں بچوں کو بھی شامل کیا جائے گا جس کے لیے زیر تعلیم بچوں کے لیے یہ بیج والی پنسلیں متعارف کروائی جائیں گی۔

اس جدید نظریے کے تحت بچوں کی درخت لگانے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ پنسلوں کے ربڑ والے حصے پر ایک کیپسول ہو گا جس میں مختلف بیج موجود ہوں گے۔ ان پنسلوں کے ساتھ کھیرا، بھنڈی ، بینگن ، پالک اور ہرا دھنیا کے بیج موجود ہیں۔ ان پنسلوں کو ایم آئی ٹی کے طلبا نے ڈیزائن کیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ خیبر پختونخواہ میں بھی پی ٹی آئی نے بلین ٹری منصوبے کا آغاز کر رکھا ہے۔

خیبر پختونخواہ کے بعد اب یہ منصوبہ کراچی میں بھی متعارف کروایاگیا ہے جس کے لیے پی ٹی آئی نے بچوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان پنسلوں کی تصاویر بھی موجود ہیں جبکہ ان پنسلوں کے پیچھے موجود کیپسول میں پڑے بیجوں کے استعمال سے متعلق بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ بچے بھی ان پنسلوں اور ان پنسلوں کے پیچھے موجود بیجوں کے استعمال کے حوالے سے کافی پُرجوش ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی کے اس اقدام کو خوب سراہا اور کہا کہ عمران خان نے کے پی کے میں بلین ٹری منصوبے کے آغاز کے بعد اب کراچی میں بھی قابل تعریف اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ہی فائدہ پہنچے گا۔ یاد رہے کہ عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کو عالمی منظر نامے پر پر خاصی توجہ اور پذیرائی ملی۔