احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے بعد سعودی عرب نے بھی ردعمل دے دیا

سعودی عرب کی احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت، پاکستان امن واستحکام کے لیے جو بھی اقدامات کر رہا ہے ہم ساتھ ہیں،سعودی وزارت خارجہ

پیر مئی 15:05

احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے بعد سعودی عرب نے بھی ردعمل دے دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) سعودی عرب نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سعودی عرب اس سلسلے میں برادر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاگیاکہ پاکستان اپنے امن واستحکام کے تحفظ کے لیے جو بھی اقدامات کر رہا ہے سعودی عرب اس سلسلے میں برادر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر اتوار کے روز ان کے آبائی علاقے ناروال میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔ حملہ ایک سیاسی اجتماع کے دوران کیا گیا تھا۔ احسن اقبال حملے کے دوران بازو پر گولی لگ جانے کے باعث شدید زخمی ہوگئے تھے۔ حملے کے بعد احسن اقبال کو فوری لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ جبکہ احسن اقبال پر حملہ کرنے والے شخص کو فوری گرفتار کر لیا گیا تھا۔