صوبائی وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنر سے مقامی یونین کونسل کے وائس چیئر مین کی جانب سے خواتین پر تشدد کے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

پیر 7 مئی 2018 15:08

فیصل آباد۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل نمبر53کے وائس چیئرمین کی طرف سے خواتین پر تشدد اورانکی تذلیل کے واقعہ سے متعلق ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی سے رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ ملزمان کے ساتھ سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور خواتین کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی طرف سے پولیس حکام کو بھی مقدمہ کی شفاف تفتیش اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر بلدیات کو ریلوے کالونی کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مکان کا قبضہ لینے کے خلاف مزاحمت پر خواتین کی بے حرمتی اور تشدد کیا گیا۔اس واقعہ میں ملوث ملزم وائس چیئرمین ملک عرفان نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے جبکہ دیگر ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔