پاکستان میں توانائی اور پراپرٹی کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے حالات نہایت ساز گار ہیں ،ْچودھری محمدیٰسین

پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے، زیادہ تر سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ،ْاس صورتحال میں بیرون ممالک میں آباد کشمیری تارکین وطن پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں ،ْخطاب

پیر 7 مئی 2018 15:30

فرینکفرٹ/جرمنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ پاکستان بڑی مقدار میں قدرتی زخائر سے مالامال ملک ہے، اور سرمایہ کاری کرنے کیلئے حالات بڑے ساز گار ہیں،پاکستان میں توانائی اور پراپرٹی کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے حالات نہایت ساز گار ہیں ۔

کشمیری تارکین وطن اوربیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے لک میں سرمایہ کاری کریں۔پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک بن چکا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فرینکفرٹ میں منعقدہ پراپرٹی شومیں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدرافضل بٹ ، روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر مہتاب خان اور فلمی اداکارہ ثناء نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے ،اور زیادہ تر سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں، سی پیک کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بننے جارہا ہے،اس صورتحال میں بیرون ممالک میں آباد کشمیری تارکین وطن پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت میں بڑی بنیادی مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں، اور ہمیں اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی اہداف حاصل کرنے ہوں گے، پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے اور ملکوں کے درمیان رابطوں کو تیز کرنے کیلئے بے پناہ ممد ومعاون ثابت ہوگا، پاک چین اقتصادی راہدری سے پاکستان کیلئے ترقی کے بے پناہ مواقع میسر آرہے ہیں،اس وقت چین سی پیک کے تحت پاکستان میں بنیادی ڈھانچے پر 46بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے اسی طرح ہالینڈ کی ایک فرم پاکستان میں پانچ سو ملین یورو کی سرمایہ کاری کررہی ہے، جبکہ ترکی کی ایک فرم پاکستان میں 250ملین یوروکی سرمایہ کاری کارہا ہے، ان حالات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کرنے کے لحاظ سے بڑا ساز گار ملک ہے۔

اور یورپ میں بسنے والے پاکستانی وکشمیری پاکستان کے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیرکاخطہ اپنے قدرتی حسن اور خوبصورتی کی وجہ سے کسی جنت سے کم نہیں، اور اس میں سیروسیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا بہترین سکوپ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن نے اپنی شب وروز محنت کے بل بوتے پر یورپ اور برطانیہ میں سیاسی وسماجی طور پر بلند مقام حاصل کیا ہے اور تارکین وطن کمیونٹی ہمارے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ ان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں، انہوں نے تارکین وطن کی محنت اور کامیابی کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ اب کشمیری تارکین وطن پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خود بھی آگے بڑھیں اور یورپی ممالک کے سرمایہ کاروں کو بھی اس جانب راغب کرے کہ وہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔

پاکستان میں آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی حکومت میں آکر بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گی۔