مسلم لیگ( ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنماء عثمان عباسی اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیرمیں شامل ہو گئے

پیر 7 مئی 2018 15:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنماء عثمان عباسی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ( ن) سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی کشمیرمیں شامل ہو گئے۔ اس بات کا اعلان انھوں نے پیر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر عثمان عباسی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو راولپنڈی اور مظفر آباد میں جلسوں سے خطاب کی دعوت بھی دی جو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آپ ممبرشپ مہم کو تیز کریں تاکہ ممبر شپ مہم جلد ختم ہو اور تنظیمی امور پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں اس حد تک سیاسی عدم استحکام ہے کہ کسی بھی وقت الیکشن کا بگل بج سکتا ہے اسلئے ممبر شپ کے کام کو آگے بڑھائیں تاکہ پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی جا سکے اور اگر آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں تو انکی تیاری بھی کی جا سکے۔اس موقع پر عثمان عباسی نے کہا کہ وہ آنے والے وقت میں پارٹی کی ممبر شپ اور پارٹی میں دیگر لوگوں کی شمولیت کے لئے کوشاں رہیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آپکی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پارٹی کو خاصی تقویت ملے گی۔