پاک آئرلینڈ ٹیسٹ دیکھنے کیلئے نجم سیٹھی(آج) انگلینڈ جائیں گے

نجم سیٹھی دورہ کے دوران پاک آئرلینڈ باہمی سیریز پر بھی بات چیت کریں گے ،پاکستان میں سیریزکی دعوت دی جائیگی

پیر 7 مئی 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 11مئی سے ہونے والا تاریخی ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لئے (آج)منگل کوانگلینڈ روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی انگلینڈ میں چند روز قائم کے بعد آئرلینڈ جائیں گے اور ڈبلن میں ہونے والے ٹیسٹ میں دیکھیں گے ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد آئرلینڈ کا پہلا ٹیسٹ ہے جو گرین شرٹس کے ساتھ کھیلا جائیگا،نجم سیٹھی اپنے دورہ آئرلینڈ کے دوران وہاں کے کرکٹ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین ملاقات میں آئرلینڈ اور پاکستان کی باہمی سیریز پر بھی بات چیت کریں گے اور انہیں پاکستان آکر سیریز کھیلنے کی دعوت دی جائے گی۔نجم سیٹھی اپنے دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ کے دوران پاک بھارت متنازع سیریز کیس پر وکلا سے ملیں گے ۔