ایشین کپ فٹبال میں فاتح ٹیم کو 5ملین جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3ملین ڈالر انعام ملے گا

ایونٹ کا افتتاحی میچ آئندہ برس 5جنوری کو زید اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم پر یواے ای اور بحرین کے درمیان کھیلا جائیگا

پیر 7 مئی 2018 15:40

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) اے ایف سی 2019ایشین فٹبال کپ کی فاتح ٹیم کو 5ملین ڈالر انعامی رقم ملے گی جب کہ رنر اپ سائیڈ 3ملین ڈالر کا کیش ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔ایونٹ کا افتتاحی معرکہ آئندہ برس 5 جنوری کو ابوظہبی کے زید اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم پر میزبان یواے ای اور بحرین کے درمیان کھیلا جائیگا، ایونٹ کے ڈرازکی تقریب گزشتہ دنوں منعقد کی گئی۔

اس موقع پر ایشین کپ کی نئی ٹرافی کی رونمائی اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ اور یواے ای کے سابق انٹرنیشنل فٹبالر زوہیر باخیت کے ہاتھوں ہوئی، اس موقع پر شیخ سلمان نے کہاکہ 1956 سے ایشیا کپ کی ایک ہی ٹرافی چلی آرہی تھی، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے آئندہ برس کیلیے نئی ٹرافی تیارکرائی۔

(جاری ہے)

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو گروپ بی میں شام، اردن اور فلسطین کے ہمراہ جگہ دی گئی ہے، ایشین ایونٹ آئندہ برس 5 جنوری سے یکم فروری تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا، آسٹریلیا اور اردن ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز میں چارمرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، جس میں ہر ٹیم دو دو میچز میں فتحیاب رہی ہے۔

گروپ ایف میں چار بار کے ایشین کپ فاتح جاپان کو اگلے مرحلے میں رسائی کیلیے ازبکستان، اومان اور ترکمانستان کا چیلنج درپیش ہوگا، سابق چیمپئنز ایران اورعراق کوگروپ ڈی میں ویتنام اور یمن کے ہمراہ رکھاگیا ہے جبکہ گروپ ای میں سعودی عرب، قطر، شمالی کوریا اور لبنان شامل ہیں،گروپ اے میں میزبان یواے ای کے ہمراہ تھائی لینڈ ، بھارت اور بحرین شامل ہیں۔

جنوبی کوریا، چین، کرغزستان اور فلپائن کی شمولیت سے گروپ سی کو مکمل کیاگیا ہے، سعودی عرب نے تین بار علاقائی ایونٹ جیتا ہے لیکن آخری بار کامیابی انھوں نے 1996 میں حاصل کی تھی، اس طرح انھیں ٹرافی قبضے میں کیے ہوئے 22 برس بیت چکے ہیں، پانچ ملین ڈالر کی ٹاپ انعامی رقم پانے کیلیے ایشیا کی 24 ٹیمیں برسرپیکار ہوں گی، جنھیں نئے برانڈ کی ٹرافی بھی پیش کی جائے گی، جس کی رونمائی بھی گذشتہ دن کردی گئی۔