قصور میں عدلیہ مخالف تقاریر کے مقدمہ میں نامزد اراکین اسمبلی کے نام ای سی ایل میں شامل، ڈی پی او نے عملدرآمد رپورٹ پیش کر دی

لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سماعت 9 مئی تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر سی ڈیز کا ریکارڈ پیش اور ڈسپلے کرنے کی ہدایت

پیر 7 مئی 2018 15:40

لاہور۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کے حکم پرقصور میں عدلیہ مخالف تقاریر کے مقدمہ میں نامزد ایم این اے اور ایم پی اے سمیت ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کردئیے گئے۔ ڈی پی او قصور نے اس حوالے سے عدالت میں رپورٹ پیش کر دی۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بنچ نے پیر کو کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالتی حکم پرنامزد ملزمان ایم این اے وسیم اختر، ایم پی اے نعیم صفدر، چیئرمین بلدیہ قصور ایاز خان، وائس چیئرمین احمد لطیف، ناصر خان اور جمیل خان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت نے عمل درآمد رپورٹ جمع کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دئیے گئے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل علی احمد کرد کو وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9 مئی تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سی ڈیز کا ریکارڈ پیش کرنے اور ڈسپلے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔