لاہور چیمبر آف کامرس کی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی مذمت

پیر 7 مئی 2018 15:40

لاہور۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی غیرمعمولی واقعہ ہے، سیاستدانوں سمیت تمام طبقات ہائے زندگی یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دشمنوں کی گھنائونی سازش ناکام بنائیں۔

پیرکو ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ملک میں بدامنی پھیلانے اور عالمی سطح پر ملک کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش ہے، حکومت اور تمام ریاستی ادارے مل کر اس سازش کو سختی سے ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے نے مزید سخت اقدامات کی ضرورت کو اٴْجاگر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز نے مل کر ملک میں قیام امن کے لیے قابل ستائش کوششیں کیں اور قربانیاں دی ہیں جنہیں پاکستانی قوم بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے تاجر برادری حکومت و سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :