حکومت پنجاب اور حکومت گلگت بلتستان کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

پنجاب حکومت گلگت بلتستان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو بلامعاوضہ سوفٹ وئیر کی سہولت فراہم کرے گی

پیر 7 مئی 2018 15:50

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) حکومت پنجاب اور حکومت گلگت بلتستان کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ دونوں حکومتوں کے درمیان ہونیوالے یاداشت کے تحت حکومت پنجاب گلگت بلتستان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو کروڑوں روپے مالیت کی سوفٹ ویئر بلامعاوضہ فراہم کرے گی، پنجاب حکومت سوفٹ ویئر کی فراہمی، تکنیکی معاونت اور تربیت بھی دے گی۔

سوفٹ وئیر ضلع گلگت میں پائیلٹ پراجیکٹ کے طور پر لاونچ کیا جائے گا جسے بعد میں مزید اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایاکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت میں ڈیٹا سنٹر قائم کرنے کیلئے ڈیڑھ کروڑ مالیت کا ٹینڈر ہوچکا ہے۔ ڈیٹا سنٹر کے قیام سے گلگت بلتستان کے ہر ضلع کا ڈیٹا، ریکارڈ ایک سرور سے منسلک ہونے کے ساتھ تمام معلومات مرکزی سرور پر اکھٹی ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

ڈیٹا سنٹر کے قیام سے شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی اورکم از کم وقت میں مرکزی سسٹم تک رسائی میں بھی آسانی ہوگی۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے بتایاکہ ڈیٹا سنٹر کے قیام سے نہ صرف رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت آئے گی بلکہ معلومات تک رسائی اورانٹری میں سہولت ہوگی۔ شہری اپنے ضلعی ڈیٹا سنٹر سے مرکزی سرور سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کی صحیح معلومات اپنے علاقائی سنٹر سے حاصل کرسکیں گے۔۔