وومن اچیومنٹ ایوارڈز خواتین کی ترقی میں ایک سنگل میل ثابت ہوگا، ناصر حسین شاہ

پیر 7 مئی 2018 16:30

وومن اچیومنٹ ایوارڈز خواتین کی ترقی میں ایک سنگل میل ثابت ہوگا، ناصر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وومن اچیومنٹ ایوارڈز کا آغاز ایک سنگ میل ہے جس سے ملک میں ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی سندھ ڈارٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام سندھ بوائے اسکائوٹس ہال میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں خواتین کا بڑا ہاتھ ہے اگر ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں تو یہ خواتین ہمارے ملک کا نام ہر شعبہ میں روشن کریں گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج جن خواتین کو ایوارڈز دیئے گئے ہیں وہ خود ایک مینارہ روشن ہیں۔ جنہوں نے اپنی صلاحیتوں سے اعلیٰ مقام بنایا ہے۔ انہوں نے تمام خواتین اور سندھ ڈارٹس کی ٹیم کو مبارکباد دی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈارٹس کے سیکریٹری محمد سعید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین کو ایمپاور کرنا چاہتے ہیں، ہماری خواتین باصلاحیت ہیں۔

فرزانہ خان اور محمد سعید نے میزبانی کے فرائض بھی انجام دیئے۔ جبکہ سیکریٹری اطلاعات نفیس احمد خان، محمد سلمان صدیقی اور شاہد محی الدین نے بھی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جبکہ صدر تقریب سیکریٹری کلچر اکبر لاشاری نے خطبہ صدارت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے بھرپور پلاننگ کررہی ہے اور ہر ممکن مراعات کیلئے کوشاں ہے کیونکہ ہماری خواتین باصلاحیت ہیں۔

ہم حکومتی سطح پر ہر ممکن تعاون و مدد کیلئے تیار ہیں۔ ڈارٹس کے سرپرست اعلیٰ پیر امان نے کہا کہ ڈارٹس کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اتنا پروقار پروگرام منعقد کیا ۔ اس وومن اچیومنٹ ایوارڈز میں جن خواتین کو ایوارڈز دیئے گئے ان میں ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن جامعہ کراچی مسز عابدہ شاہین، ماہر تعلیم و سابقہ ڈین آف آرٹس جامعہ کراچی ملاحت کلیم شیروانی، فیشن ڈیزائنر صنم آغا ، مس اسماء، ماہر ریڈیولوجی ڈاکٹر فرح عیسیٰ، ماہر تعلیم عائشہ خان، پروفیسر جہاں آراء، فزیوتھراپسٹ NICVD ڈاکٹر ریاض فاطمہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر کالج ڈاکٹر سکینہ سموں، بول ٹی وی مس نادرہ مشتاق، اسپورٹس مس عیشہ عرفان، کارپوریٹ سیکٹر ثناء محمد ، اسپورٹس مس افشاں علی، صحافت صوفیہ یزدانی، ماہر تعلیم ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی، سوشل ورکر مسز عالیہ صارم برنی، صحت مسز راحیلہ عمران، میم عزرا، سونا علی کے نام شامل ہیں۔

جبکہ اس تقریب میں ممتاز علمی و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شمیم احمد فرپو، حلیم عاد شیخ، سلمان صدیقی، نفیس احمد خان، شاہد محی الدین و دیگر نے بھی شرکت کی۔