اسپتال اور دیگر طبی ادارے انسانیت کی خدمت کا بڑا ذریعہ ہیں، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی

پیر 7 مئی 2018 16:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ اسپتال اور دیگر طبی ادارے انسانیت کی خدمت کا بڑا ذریعہ ہیں، سوبھراج میٹرنٹی اسپتال قومی سطح کا طبی ادارہ ہے جس میں زچہ اور بچہ کو عالمی سطح کی طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے ، ہماری کوشش ہے کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، اسپتال میں ماہرامراض اطفال کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ یہاں آنے والے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کا دورہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید محمد علی، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر سلیم بھولا والا، ڈی ایم ایس ڈاکٹر مہوش مٹھانی اور دیگر بھی ا س موقع پر موجود تھے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور عملے سے بات چیت بھی کی جبکہ انہوں نے اسپتال میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا، میونسپل کمشنر کو بتایا گیا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کی عمارت تاریخی ورثے کے طور پر بھی مشہور ہے جو 1928ء میں تعمیر کی گئی تھی، انہیں بتایا گیا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں ڈاکٹرز، آر ایم اوز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے کاموں پر مامور عملے کی بھی کمی ہے انہیں بتایا گیا کہ اسپتال میں تین آپریشن تھیٹرز ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر او پی ڈی میں صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے 7 سے زائد آپریشن کئے جاتے ہیں جبکہ شعبہ ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال رہتا ہے، میونسپل کمشنر کو بتایا گیا کہ او پی ڈی میں روزانہ 300 سے 350 مریضوں کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے ، انہیں بتایا گیا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال ٹیچنگ اسپتال کے طور پر بھی عرصہ دراز سے کام کررہا ہے جبکہ یہاں مڈ وائفری کی تربیت بھی دی جاتی ہے ، اسپتال میں پوسٹ گریجویٹ کے طلباء تربیت حاصل کرتے ہیں جہاں FCPSچار سالہ مدت کے لئے جبکہ MCPS دو سالہ مدت میں مکمل کئے جاتے ہیں، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ وہ لوگ خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ انسانیت کی خدمت کے لئے پیدا کرتا ہے لہٰذا اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی شعبے سے وابستہ دیگر افراد انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہوئے پوری دیانتداری اور لگن کے ساتھ کام کریں، انہوں نے کہا کہ اسپتال کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے، اسٹاف کی کمی سمیت دیگر مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، انہو ںنے کہا کہ اس بات کی حتی الا مکان کوشش کی جائے گی کہ کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سے بات کرکے سوبھراج میٹرنٹی ہوم کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔