Live Updates

ْسیاسی جماعتیں بات گالیوں سے گولی تک جانے سے روکنے کیلئے ضابطہ اخلاق طے کریں ‘ زعیم قادری

عمران خان کی جانب سے سکیورٹی ادارے پر الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں ،(ن) لیگ کو انتخابی مہم چلانے سے نہیں روکا جا سکتا

پیر 7 مئی 2018 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ضابطہ اخلاق طے ہونا چاہیے تاکہ بات گالیوں سے گولی تک نہ جائے ،عمران خان کی جانب سے سکیورٹی ادارے پر الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ووٹ کے تقدس کیلئے عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ زعیم قادری نے کہا کہ آپریشن کے بعد احسن اقبال کی حالت بہتر ہے اور انہیں آئی سی یو یونٹ میں رکھا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ یقینی طو رپر اس واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات ہوں گی اور اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو انتخابی مہم چلانے سے نہیں روکا جا سکتا ہے ۔

نواز شریف حلقوں میں رہنے والے لاکھوں ، کروڑوں عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور جو دل میں بس رہا ہے حکومت اسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ضابطہ اخلاق طے ہونا چاہیے تاکہ بات گالیوں سے تولی تک نہ جائے ۔ انہوں نے خلائی مخلوق کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے توواضح طو رپر نام لے کر ادارے پر الزام لگایا ہے اور ہم عمران خان کے اس الزام کی مذمت کرتے ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات