بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں

صدر آزاد کشمیرکی شوپیاں میں 10 معصوم کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت

پیر 7 مئی 2018 16:57

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے شوپیاں میں حالیہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے نام نہاد سکیورٹی آپریشن کی آڑ میں 10 معصوم کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میںبھارتی افواج نے کالے قوانین کے تحت سرعام قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اس نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق، حق خودارادیت مانگ رہے ہیں جو کہ ان کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے بھارت انہیں ان کا تسلیم شدہ حق دینے کی بجائے ان کو جدوجہد آزادی سے دستبردار کرنے کیلئے ظلم و جبر کے ہر ممکن ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو محاصرے میں لے رکھا ہے اور گھر گھر چھاپے مارے جا رہے ہیں چادر اور چاردیواری کا تقدس بری طرح پامال کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو سرعام قتل کیا جا رہا ہے ، انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جا رہا ہے انہیں دوران حراست غائب کیا جارہا ہے ، ماورائے عدالت انہیں قتل کیا جا رہا ہے۔ حریت رہنمائوں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے ۔

خواتین کی عصمت دری اور بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ جو کہ جنگی جرائم ہیں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرا کر بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔