احسن اقبال پر حملہ کرنیوالے ملزم کا تعلق تحریک لبیک پاکستان سے ہے‘ ڈپٹی کمشنر کی چیف سیکرٹری پنجاب کو رپورٹ

سیاسی جدوجہد اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں،حکومت جوڈیشل انکوائری کرائے ‘ خادم رضوی ، پیر افضل قادری کی مذمت

پیر 7 مئی 2018 17:36

احسن اقبال پر حملہ کرنیوالے ملزم کا تعلق تحریک لبیک پاکستان سے ہے‘ ..
لاہور/نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نارووال کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم کا تعلق تحریک لبیک پاکستان سے ہے۔ جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے قائدین علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں احسن اقبال پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نارووال کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم کا نام عابد حسین ولد محمد حسین ہے جو ضلع نارووال کی تحصیل شکرگڑھ کے گائوں ویرام سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا تعلق گجر برادی سے ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی نارووال کے مطابق ملزم نے اپنا تعلق تحریک لبیک پاکستان سے ظاہر کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس نے ختم نبوت سے متعلق متنازعہ ترامیم کے معاملے پر وزیر داخلہ کو نشانہ بنایا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کیپٹن (ر)عارف نے بھی بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 22 سالہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ختم نبوت سے متعلق متنازعہ ترامیم کے معاملے پر احسن اقبال کو مارنے کی کوشش کی۔تحریک لبیک پاکستان کے قائدین علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے احسن اقبال پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقع کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات سے چند ماہ قبل وزیر داخلہ پر ہونے والے اس حملے کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔تحریک لبیک کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پر امن مذہبی سیاسی جماعت ہے جو سیاسی جدوجہد اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتی ہے،ان کی جماعت کسی بھی طرح کے تشدد کی حامی نہیں۔