مارٹن ڈائو گروپ نے اسلام آباد میں پہلے پاکستان سمٹ کا انعقادکیا

پیر 7 مئی 2018 17:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) مارٹن ڈائو گروپ نے میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ اپنی طرز کے پہلے پاکستان سمٹ کی میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔ پہلے سال کانفرنس کا موضوع ’روشن مواقعوں کی تلاش ‘ رکھاگیا۔ کانفرنس میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات نے کلیدی خطاب کیا ۔

پاکستان سمٹ مُلک کے حکومتی عہدیدار، ہائی کمشنرز اور سفارت کار، ممتازماہرین تعلیم،میڈیا کے نمائندگان،ڈولپمنٹ سیکٹراور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کی میٹنگ ہے جس میں ماہرین ملک کے مسائل پر سیر حاصل گفتو شنید کرتے ہیں۔کانفرنس کے دوران شرکاء اور پینل میں موجود ماہرین نے کئی اہم امور جیسے خطے کی سیاسی صورت حال اور پاکستان، میڈیا اور سنسنی خیزی پھیلانا،سائبر سیکورٹی، پاکستان کی برانڈنگ اور روشن مواقعوں کی تلاش پر اپنی رائے دی۔

(جاری ہے)

مارٹن ڈائو گروپ کے چیئرمین جناب جاوید اکھائی نے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ پاکستان کا سب سے روشن پہلو یہاں کئی روشن مواقعوں کا موجود ہونا ہے، اور اس اجلاس کو منعقد کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ان روشن پہلوئوں کو اجاگر کیا جاسکے تاکہ ملک کی ترقی تیز تر ہو۔ یہ محب وطن پاکستانیوں کے لئے نادر موقع ہے کہ وہ اپنے اوپر اعتماد کریں اور پاکستان کو عالمی طاقت بنانے کے عزم کا اعادہ کریں۔

ہمیں بجائے دوسروں سے ایسا کرنے کی توقع رکھنے کے ، خود کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف ہماری قوم ہے بلکہ یہ ہمارا وقت ہے اور ایسا کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا ادویات کی صنعت پاکستان کو معاشی خوشحالی کی جانب لے جاسکتی ہے اور اس کا پاکستان میں بہت روشن مستقبل ہے۔پاکستان سمٹ اپنی طرز کی پہلی قومی کانفرنس ہے جس کا مقصد پاکستان کو ایک عظیم ریاست بنانا ہے اور ملک کی جدید خطوط پر برانڈنگ کرنی ہے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے تاکہ ایک روشن مستقبل کی داغ بیل ڈالی جاسکے۔