صدر آزادکشمیر کی شوپیاں میںحالیہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے معصوم کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شدید مذمت

مقبوضہ کشمیر میںبھارتی افواج نے کالے قوانین کے تحت سرعام قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے،بین الاقوامی برادری بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے ،ْسردار مسعودخان

پیر 7 مئی 2018 17:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان نے شوپیاں میں حالیہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے نام نہاد سکیورٹی اپریشن کی آڑ میں 10معصوم کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میںبھارتی افواج نے کالے قوانین کے تحت سرعام قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے اوراس نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق ، حق خودارادیت مانگ رہے ہیں جو کہ ان کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے بھارت انہیں ان کا تسلیم شدہ حق دینے کی بجائے ان کو جدوجہد آزادی سے دستبردار کرنے کے لئے ظلم و جبر کے ہر ممکن ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو محاصرے میں لے رکھا ہے اور گھر گھر چھاپے مارے جا رہے ہیں چادر اور چاردیواری کا تقدس بری طرح پامال کیا جا رہا ہے ۔ نوجوانوں کو سرعام قتل کیا جا رہا ہے ، انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جا رہا ہے انہیں دوران حراست غائب کیا جارہا ہے ، ماورائے عدالت انہیں قتل کیا جا رہا ہے ۔ حریت رہنمائوں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے ۔

خواتین کی عصمت دری اور بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ جو کہ جنگی جرائم ہیں۔ صدر آزادجموں وکشمیر نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جا کر بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔