اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے معاملے پر سیکرٹری تعلیم کو تفصیلی جواب داخل کرانے کا حکم

سندھ واٹر کمیشن نے ملیر ندی سے متصل علاقے میں اتوار بازار لگانے کے لئے دائر درخواست بھی مسترد کردی

پیر 7 مئی 2018 18:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) واٹر کمیشن نے اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی کے معاملے پر سیکرٹری تعلیم اقبال درانی کو تفصیلی جواب داخل کرانے کے لئے 3 روز کی مہلت دے دی جبکہ کمیشن نے ملیر ندی سے متصل علاقے میں اتوار بازار لگانے کے لئے دائر درخواست بھی مسترد کردی۔پیر کو سپریم کورٹ کے حکم پر بنائے گئے کمیشن کے روبرو سندھ بھر کے اسکولوں میں پینے کے پانی کی فراہمی ونکاسی کے معاملے پر سیکرٹری تعلیم اقبال درانی پیش ہوئے۔

کمیشن سے سیکرٹری تعلیم نے جواب داخل کرانے کے مہلت کی استدعا کی جو کمیشن نے منظور کرتے ہوئے انہیں 3 روز میں معاملے پر تفصیلی جواب داخل کرانے کی ہدایت کی۔کمیشن نے اس موقع پر ان سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ سندھ کے کتنے اسکولوں میں بچوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کمیشن نے ملیر ندی سے متصل علاقے میں اتوار بازار لگانے کے لئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے ریماکس دیئے کہ کراچی کے ندی نالوں کے اطراف میں پہلے ہی بڑے پیمانے تجاوزات قائم ہیں،،، ندی نالوں کے اطراف میں پہلے عارضی قبضہ کیا جاتا ہیاور پھر بعد میں وہاں مستقل تعمیرات کی جاتی ہیں۔

کمیشن کا اپنے ریمارکس میں مزید کہنا تھا کہ قبضوں کے باعث نالوں کی صفائی ایک چیلنج بن چکا ہے،، نالوں کی صفائی نہ ہونے سے بارشوں میں شہر ڈوب جاتا ہے۔