ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ دنیا بھر میں ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے خدمات فراہم کررہا ہے،میاں زاہد حسین

پیر مئی 18:37

ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ دنیا بھر میں ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل ،ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET)اسٹریٹیجی کے تحت دنیا کے ترقی یافتہ اور ترقی پزیر ملکوں میںہنر مندافرادی قوت فراہم کرنے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر انڈسٹری اور مارکیٹ کی ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹریننگ پروگرامز تشکیل دیئے جاتے ہیں، جس سے دنیا بھر میں ہنرمند اور تکنیکی صلاحیتوں کے مالک افرا د تیار کئے جاتے ہیں۔

پاکستان میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC)تکنیکی ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مفت ٹیکنیکل ٹریننگ ، آن جاب ٹریننگ،اورجاب پلیسمنٹ سینٹرز کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کوبہتر روزگار دلوانے کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا NAVTTCکے زیر انتظام پاکستان میں ایک انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملائشیا، چین،، برطانیہ،، آسٹریلیا ، ترکی ، سری لنکا اور کوریا سمیت دنیا بھر سے مندوبین نے شرکت کی اور TVETکے تحت چلنے والے پروگرامز کے بارے میں اپنے تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

نیوٹک موجودہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ کی سربراہی میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ وفاقی سطح پر ٹریننگ فراہم کرنے کے 227ادارے کام کررہے ہیں جہاں 1300سے زائد پروگرامز میں لاکھوں نوجوان ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ ملک بھر میںصوبائی اداروں کے زیر انتظام 1275سرکاری اور 2523پرائیویٹ ادارے سالانہ 4لاکھ سے زیادہ افراد کو انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق TVETکے تحت ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کررہے ہیں، جن سے ملک خداداد کی صنعت و تجارت کو اسکلڈ افرادی قوت فراہم کی جارہی ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا جاب پلیسمنٹ اینڈ ووکیشنل کونسلنگ سینٹر آجروں اور ملازمت کی تلاش کرنے والے قابل نوجوانوں کے درمیان پل کا کام دیتا ہے اور صنعتوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے اسکلڈ ورک فورس فراہم کرنے کا اہم کام سرانجام دیتا ہے۔ جاب پلیسمنٹ سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق اب تک NAVTTCکے زیرانتظام 3633اداروں سے ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد گریجویٹس فارغ التحصیل ہوئے ہیں جن میں سے ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد کو 42,857کارخانوں میں باعزت روزگار مل چکا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ساتھ مل کر ملک میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ اس کے ساتھ NAVTTCبزنس کمیونٹی کو موثر طریقے سے اس مشن میں شامل کرے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی صورتحال بہتر ہونے اور سی پیک کے تحت بھاری انویسٹمنٹ کی وجہ سے ملک میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کے امکانات کے پیش نظر صنعتوں کو مزید اسکلڈ لیبر فورس درکار ہوگی، جس کی فراہمی میں نیوٹک اور صوبائی TVETادارے موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔