وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال پر حملہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘ تمام سیاسی جماعتیں اس حوالے سے اپنا لائحہ عمل مرتب کریں

وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 7 مئی 2018 18:57

اسلام آباد۔ 07 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ ملک پر حملے کے مترادف ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘ تمام سیاسی جماعتیں اس حوالے سے اپنا لائحہ عمل مرتب کریں‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احسن اقبال پر حملہ کرنے والے کو زندہ پکڑ لیا ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اس طرح کے حملوں کی روک تھام کے لئے مل بیٹھ کر متفقہ لائحہ عمل تیار کریں۔ اکرم درانی نے کہا کہ جلسے جلوسوں میں لوگوں کو دور نہیں کیا جاسکتا۔ اگر دور کریں یا تلاشی لیں تو لوگ ناراض ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر داخلہ کی سکیورٹی اچھی تھی جس کی وجہ سے حملہ آور کو زندہ پکڑ لیا گیا، ملکی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے، حملہ آور سے تحقیقات سے پتہ چلے گا کہ واقعہ کے پیچھے کون ملوث ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات بروقت ہوں گے اس میں ایک لمحہ کی تاخیر ممکن نہیں۔ میڈیا اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آزاد‘ خودمختار ملک ہے اور ایسے خطہ میں واقع ہے جس کو کوئی نظر انداز نہیں کر سکتا۔