جنرل ہسپتال میں پولیو مہم کا آغاز،پرنسپل پی جی ایم آئی نے بچوں کو قطرے پلا کر افتتاح کیا

بچوں کو پولیو سے محفوظ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کریں ‘ پروفیسر غیاث النبی طیب کی گفتگو

پیر 7 مئی 2018 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) صوبے میں دیگر اداروں کی طرح لاہور جنرل ہسپتال میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیاجہاں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو ،ڈاکٹرز،نرسز و طبی عملے کے علاوہ بچوں اور والدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

پولیو مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور مشن کی تکمیل میں حکومت کی کاوشوں کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلا کر بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیو ویکسین کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہی دی جائے۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ پولیو مہم کیلئے زیادہ سے زیادہ ویکسین کی فراہمی اور مربوط انتظامات کو یقینی بنائیں اور بچوں کو قطرے پلانے کے علاوہ ان کے والدین کو پولیو ویکسین کی افادیت سے بھی آگاہ کریں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ پولیو کی مہم ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور21ویں صدی میں صحت مند قوم بننے کے لئے ایسے اقدامات سے پہلو تہی نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے بچوں کو بر وقت قطرے پلانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر جنرل ہسپتال کی طرف سے تشکیل دی گئی ٹیموں نے بچوں کو پولیو کی ویکسین پلائی جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے ہسپتال کی طرف سے کیے گئے انتظامات کی تفصیل سے آگاہ کیا ۔