احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 15 روز کے لئے ملتوی

پیر 7 مئی 2018 19:11

احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 15 روز کے لئے ملتوی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پندرہ روز کے لئے ملتوی کردی ، احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں محمود اخترنقوی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن اقبال نے اپنے بیان میں چیف جسٹس کی توہین کی، احسن اقبال کو آئین کے آرٹیکل 63-64 کے تحت نااہل قرار دیا جائے، اور احسن اقبال سے 2008-2018 تک وصول کی گی تمام مراعات اور تنخواہ واپس لی جائے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل فل بینچ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی متفرق درخواست پر سماعت کی، درخواست میں احسن اقبال اور پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عدلیہ کو تنقید کا نشان بنایا، پیمرا کو عدالت نے پابند کر رکھا ہے کہ عدلیہ مخالف تقاریر نشر نہ کی جائے اس کے باجود احسن قبال کی عدلیہ مخالف تقاریر میڈیا پر نشر کی گئی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے جبکہ پیمرا کو عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں، عدالت نے احسن اقبال کو ذاتی حثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت سات مئی تک ملتوی کردی تھی۔