مینار پاکستان لاہور میں ایم ایم اے کا جلسہ ‘ صوابی سے آٹھ ہزار گاڑیوں کا قافلہ شرکت کریگا

پیر مئی 19:26

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) جے یو آئی ف خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر مولانا عطاء الحق درویش نے کہا ہے کہ اتوار 13 مئی کی سہ پہر تین بجے مینار پاکستان لاہور میں ہونے والے ایم ایم اے کے تاریخی جلسہ عام میں صوابی سمیت پورے پختونخوا کے 1200 یونین کونسلوں سے آٹھ ہزار گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوگا ، متحدہ مجلس عمل کا یہ جلسہ عام مغربی تہذیب کے ایجنٹوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع صوابی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس سے ضلعی سینئر نائب امیر الحاج غفور خان جدون ،جنرل سیکرٹری مولانا احسان الحق ،حاجی عصر خان ،مولانا محمد امین دوست ،مولانا ہارون حنفی ،مولانا محمد رسال اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، اس موقع پر چاروں تحصیلوں کی سطح پر کنونشوں کے انعقاد کے علاوہ یوسیز کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے ،ضلعی دفتر میں سوشل میڈیا ورکشاپ اور دینی مدارس کیلئے کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ،بزرگ عالم دین مولانا حمد اللہ جان باباجی نے تیرہ مئی کے جلسہ عام کے موقع پر مظہرالعلوم ڈاگئی کے طلباء کیلئے خصوصی چھٹی دینے کا اعلان بھی کیا ، صوبائی امیر مولانا عطا ء الحق درویش نے ضلع صوابی میں انتظامیہ کی جانب سے سائن بورڈ ہٹانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے انتخابات پاکستان کے مذہبی لوگوں کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے ، ایم ایم اے بھرپور انداز میں کلین سویپ کرے گی ،انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں اُمیدواروں کی نامزدگی کا جلد اعلان کردیا جائے گا ۔