Live Updates

عوام ہمارے اور سابقہ دور حکومت کے پانچ سالہ کارکردگی کو مد نظر رکھ کر الیکشن 2018 میں ووٹ کا استعمال کریں ،محمدعاطف

یہاں پہلے بھی حکومتیں بنی تھی، ادارے کیوں ٹھیک نہیں ہورہے تھے، صحت ، تعلیم ، پولیس اور پٹوار نظام کے ذریعے عوامی مسائل کیوں نہیں حل ہورہے تھے۔ یا تو وہ حکمران نا اہل تھے یا چور تھے اور یا دونوں،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

پیر 7 مئی 2018 19:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ عوام ہمارے پانچ سالہ دور حکومت اور سابقہ دور حکومت کے پانچ سالہ کارکردگی کو مد نظر رکھ کر الیکشن 2018 میں ووٹ کا استعمال کریں ۔ یہاں پہلے بھی حکومتیں بنی تھی، ادارے کیوں ٹھیک نہیں ہورہے تھے، صحت ، تعلیم ، پولیس اور پٹوار نظام کے ذریعے عوامی مسائل کیوں نہیں حل ہورہے تھے۔

یا تو وہ حکمران نا اہل تھے یا چور تھے اور یا دونوں ۔ وہ شاخ کلے گجرات مردان میں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اول شیر ، کریم شاہ باچا، فضل مالک، عمر غنی ، امین گل، سید رحمان بابا، عزیز الرحمان ، غفران علی، غنی الرحمان اور ظہراب گل 30خاندانوں سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہا کہ سابقہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے یہاں پر مسائل کے انبا ر لگ گئے تھے۔ میرے حلقے میں ساڑھے تین ہزار سے زیادہ بجلی کے پولز، 300 سے زیادہ ٹرانسفارمر ، 78سکولز ، 115 کلومیٹر روڈز کی تعمیر 36 جناز گاہ ، سولرائزیشن اور گلی کوچوں کی مد میں بھی کروڑوں روپے کا کام ہوچکا ہے ، اگر سابقہ حکمرانوں نے 10فیصد بھی کام کیا ہوتا تو اتنے زیادہ مسائل نہیں ہوتے ، انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی کاموں کا میرا آپ لوگوں پر کوئی احسان نہیں اور نہ ہی میں نے اپنے باپ دادا کی زمین بھیجی ہے ، آپ لوگوں نے مجھ پراعتماد کرکے مجھے منتخب کیا تھا اور آپ لوگوں کو اپنا حق ملا ہے ۔

فرق صرف یہ ہے کہ کام 100 فیصد ہوا ہے نہ کوئی رشوت ہے ، نہ کوئی کمیشن۔ جتنے بھی پیسے ہیں سب آپ لوگوں کی فلاح و بہبود پر لگ چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو امن وامان کی بہتر حالات ، صحت اور تعلیم کے بہترین سہولیات فراہم کریں اور اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے پاکستان تحریک انصاف اس میں پوری طرح کامیاب رہی۔

آج امن قائم ہے اور عوام کو صحت اور تعلیم کے بہترین سہولیات مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں نہ صرف امن و امان کی حالت خراب تھی ، بلکہ ہر چیز بھی بکتا تھا۔ حقدار کو اس کا حق نہیں مل رہا تھا۔ رشوت ، کرپشن ، کمیشن اور بدعنوانی عام تھی، اور اس وقت کے پارٹی لیڈر بدامنی کی وجہ سے صوبے میں نہیں آسکتا تھا جبکہ ہمارے دور حکومت میں کھلم کھلا جلسے کررہا ہے ، یہی وہ چینج ہے جس کا ہم نے 2013میں عوام کے ساتھ وعدہ کیا تھا ۔

آج میرٹ پر لوگ بھرتی ہورہے ہیں جبکہ سابقہ ادوار میں رشوت مانگی جاتی تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تمام پالیسیاں غریبوں کیلئے ہیں ۔ امیرتو اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم دے سکتے ہیں اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کراسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ا نیت ٹھیک ہے ، ہماری سمت درست ہے اور ہمار الیڈر ٹھیک ہے اس لئے اس ملک کو ضرور ٹھیک کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات