صوبائی زو مینجمنٹ اتھارٹیز کا اجلاس، زو مینجمنٹ کے مسائل پر غور کیا گیا

پیر 7 مئی 2018 19:45

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) صوبائی زو مینجمنٹ اتھارٹیز کا اجلاس پیر کو وزارت ماحولیاتی تبدیلی میں منعقد ہوا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید کی زیر صدارت پاکستان میں زو مینجمنٹ کے مسائل زیر بحث آئے۔ پشاور کے چڑیا گھر میں برفانی چیتے کی شرح اموات بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں۔ انہیں بتایا گیا کہ متعلقہ برفانی چیتے کو اس وقت ضبط کیا گیا تھا جب وہ دو سال کا تھا اور وہ دل کی تکلیف کے باعث نو سال کی عمر میں مر گیا۔

اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان میں زو مینجمنٹ کی بہتری کے لیے قومی سطح پر ایک زو ایسوسی ایشن قائم کی جائے جس کا مقصد پاکستان میں زو مینجمنٹ اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے مسائل کا حل ہو۔

(جاری ہے)

اس بات کی خواہش ظاہر کی گئی کہ چڑیا گھر میں قومی سطح پر تجربات اور جانوروں کے تبادلے کے حصول میں تعاون کیا جائے۔ اس بات کا ادراک بھی کیا گیا کہ قید میں جانوروں کے ہینڈل کرنے میں چڑیا گھر کے عملے میں صلاحیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جنگلی حیات ویٹرنری کے کورسز نصاب میں شامل کئے جائیں جو زیادہ سے زیادہ صرف جانوروں کی مینجمنٹ پر مشتمل ہوں۔ چیئرمین نے اس بات پر زور دیاکہ زو مینجمنٹ پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے پاکستان میں مؤثر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے بہترین انتظام میں معاونت کیلئے نجی عوامی شراکت داری اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :