سیاست کو مذہبی رنگ نہ دیں ورنہ سب کچھ جل جائے گا، وزیر داخلہ پر حملے سے پاکستان کی دنیا میں جگ ہسائی ہوئی ‘ عابد شیر علی

احسن اقبال پر نہیں بلکہ بائیس کروڑ عوام اور پر امن سوچ پر حملہ کیا گیا ،نواز شریف توگلی گلی کوچے کوچے میں انتخابی مہم پر نکلے ہوئے ہیں

پیر 7 مئی 2018 20:03

سیاست کو مذہبی رنگ نہ دیں ورنہ سب کچھ جل جائے گا، وزیر داخلہ پر حملے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سیاست کو مذہبی رنگ نہ دیں ورنہ سب کچھ جل جائے گا، وزیر داخلہ پر حملے سے پاکستان کی دنیا میں جگ ہسائی ہوئی اور یہ پیغام دیا گیا کہ وزیر داخلہ بھی محفوظ نہیں ،یہ احسن اقبال پر نہیں بلکہ بائیس کروڑ عوام اور پر امن سوچ پر حملہ کیا گیا ،نواز شریف توگلی گلی کوچے کوچے میں انتخابی مہم پر نکلے ہوئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ہم دنیا میں کہتے ہیں کہ ہم نے دہشتگردی پر قابو پا لیا ہے ، ہم اپنا سوفٹ امیج پیش کرتے ہیں ۔یہ صرف احسن اقبال پر حملہ نہیں بلکہ یہ 22کروڑ عوام پر حملہ ہوا ہے یہ پر امن سوچ پر حملہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں جس سے حالات خانہ جنگی کی طرف جائیں ۔

سیاسی جماعتوں کے قائدین مذہب کو سیاست سے دور رکھیں،سیاست کو مذہبی رنگ نہ دیں ورنہ سب کچھ جل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مذہب کا ٹھیکیدار نہیں، سیاست کو مذہب سے علیحدہ کریں، ہم سب عاشق رسول ؐہیں۔ا نہوںنے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملے سے پاکستان کی دنیا میں جگ ہسائی ہوئی، دنیا کو ایسا پیغام ملا کہ وزیر داخلہ بھی محفوظ نہیں ۔دہشتگردی کے واقعات کے بعد جو یہ کہتے ہیں کہ حملہ ہم نے کرایا ایسے لوگوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، حملے ہمیں انتخابات سے نہیں روک سکتے۔نواز شریف گلی گلی کوچے کوچے میں انتخابی مہم پر نکلے ہوئے ہیں ۔