وزیراعلیٰ شہباز شریف کا تھیلے سیمیا کے مرض سے بچائوکے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر مئی 20:03

وزیراعلیٰ شہباز شریف کا تھیلے سیمیا کے مرض سے بچائوکے عالمی دن کے موقع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے تھیلے سیمیا کے مرض سے بچائوکے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تھیلے سیمیا ایک موروثی مرض اور معصوم بچوں کا ایک انتہائی تکلیف دہ مسئلہ ہے۔ مریضوں کو وقفے وقفے سے خون کی تبدیلی کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے اور تھیلے سیمیا کے مرض کا شکار معصوم بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کے منانے کامقصد عوام میں تھیلے سیمیا کے مرض سے بچائو اور روک تھام کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ تھیلے سیمیا کے موذی مرض کو شکست دینے کیلئے مربوط اور مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ پنجاب حکومت تھیلے سیمیا کے مریضوں کوبہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے اورصوبے بھر میںتھیلے سیمیا کے مرض کے تدارک کیلئے جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مرض کے تدارک کیلئے وضع کردہ پالیسی پر موثر انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے اورحکومت کے موثر اقدامات کی بدولت تھیلے سیمیا کے مریضوں کی تعداد میں کمی ہورہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ تھیلے سیمیا ایک مہلک مرض ہے، روک تھام کیلئے حکومت تمام تر کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ عوام کی صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلے سیمیاسے بچائو کیلئے ضروری ہے کہ اس حوالے سے تسلسل کیساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں۔۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں پاکستان کو تھیلے سیمیا سے پاک ملک بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کرنا ہے۔