چکوال میں15مسلح افراد کی فائرنگ‘ ایک شخص جاں بحق اور آٹھ شدید زخمی ہوگئے

پیر 7 مئی 2018 20:08

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) قصبہ جبی تھانہ نیلہ کے علاقے میں15مسلح افراد نے حملہ آور ہوکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ محمد رزاق ولد محمد اقبال داخلی جبی نے پولیس کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ ان کی ملکیتی زمین پر ملزمان بذریعہ بلڈوزر قبضہ کر رہے ہیں جب وہاں پہنچے تو وہاں پر پہلے سے موجود ملزمان افتخار احمد، خضر حیات پسران محمد حیات، کاظم ولد محمد اشرف، طفیل ولد غلام حسین ساکنان کھارا، ڈرائیور ظہیر اور دیگر دس نامعلوم افراد آتشیں اسلحہ سے مسلح کلہاڑیاں اور ڈنڈے لیکر بلڈوزر جس پر نامعلوم ڈرائیور ان کی زمین پر قبضہ کر رہے تھے ، منع کرنے پر افتخار احمد نے فائرنگ شروع کر دی جو میرے بھائی محمد اعظم کی بائیں آنکھ کے اوپر لگا، خضر حیات نے بھی پستول کے تین فائر کیے جس میں سے ایک گولی محمد نذیر کو کمر میں لگی جبکہ دلاور عباس کو ایک فائر جبڑے پر بائیں طرف اور محمد حسین کو بائیں ران اور ٹانگ پر لگے جو گر گیا۔

(جاری ہے)

کاظم نے فائر پسٹل بانیت قتل خان محمد پر کیا جو اسے دائیں ٹانگ پر لگا، ظہیر ڈرائیور نے فائر پسٹل مقصود حسین پر کیا جواسے بائیں ران پر لگا ۔ فائرنگ کی زد میں آکر محمداظہر اور اللہ راضی بھی مضروب ہوئے۔ محمد اعظم ضربات کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ وجہ عناد تنازعہ زمین ہے۔ ہومیو سائیڈ سرکل کے سب انسپکٹر منصور مظہر نے مقتول کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ملزمان کیخلاف قتل، اقدام قتل اور بلوے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔