کراچی میں دیرپاامن واستحکام کی کوششیں جاری رکھیں گے،آرمی چیف

جنرل قمرجاوید باجوہ کاکورہیڈکوارٹرزکراچی کا دورہ،سندھ کی سکیورٹی صورتحال پربریفنگ،اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی پر سکیورٹی اداروں کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 مئی 2018 19:14

کراچی میں دیرپاامن واستحکام کی کوششیں جاری رکھیں گے،آرمی چیف
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07مئی 2018ء) : چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج کورہیڈ کوارٹرزکراچی کا دورہ کیا،آرمی چیف کو کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور سکیورٹی اداروں کی کاکردگی پربریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج کورہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا ۔جہاں پرکورکمانڈرکراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کراچی ہیڈکوارٹرز میں کراچی سمیت سندھ کی سکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن قائم کرنے پررینجرز اور پولیس کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی پربھی سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کوسراہا۔

(جاری ہے)

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کراچی میں دیرپاامن کی بحالی اور استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

واضح رہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پا ک فوج اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے ملکر کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے آپریشن کا آغاز کیا۔سکیورٹی اداروں کے آپریشن کے نتیجہ میں کراچی میں جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کا قلع قمع کیا گیا۔آج کراچی کی روشنیاں ایک بار پھر بحال ہوچکی ہیں۔کراچی میں کاروباری افراد کوحوصلہ افزائی مل رہی ہے تاکہ وہ سرمایہ کاری کرسکیں ۔

امن وامان قائم ہونے سے کراچی میں سیاسی استحکام کوبھی تقویت مل رہی ہے۔جبکہ 2013ء سے قبل کراچی کوبانی متحدہ کی جانب سے بند کرنے کی دھمکیاں دی جاتی تھیں ،کہاجاتا تھا کہ کراچی کو بند کرکے پورے ملک کوبند کردیا جائے گا۔پاک فوج اور عوام کی قربانیوں نے ملک میں دہشتگردی کاخاتمہ ممکن ہوسکا ہے۔آج آپریشن ردالفساد کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں بچے کھچے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔