وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے یک زبان ہو کر مذمت کرنا حوصلہ افزا ہے‘ خواجہ سعد رفیق

پیر 7 مئی 2018 20:08

وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے یک ..
اسلام آباد۔ 07 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے یک زبان ہو کر مذمت کرنا حوصلہ افزا ہے‘ گالی کی سیاست گولی تک جاتی ہے‘ اس طرح کی صورتحال اور آمرانہ رویوں کے خلاف ہمیں متحد ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملک کی سیاسی قیادت کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ پر حملے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ جو گالی کی سیاست کرے گا وہ گولی تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کی صورتحال اور ایسا رویہ جو دوسرے کی بات سننے کے لئے تیار نہیں ہے‘ ہم اس طرز عمل کو مسترد کرتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر اس غلطی کو دور کیا جسے بڑھا چڑھا کر باہر پیش کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے حوالے سے واقعہ پر سیاست کسی نے بھی نہیں کی اور ہونی بھی نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال اور آمرانہ رویوں کے خلاف ہمیں متحد ہونا ہوگا۔