اکیڈمک سٹاف ایسوس ایشن کے وفد کی وائس چانسلر پنجاب

یونیورسٹی سے ملاقات

پیر 7 مئی 2018 20:17

لاہور۔07مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پنجا ب یونیورسٹی کے وفد نے صدر ڈاکٹر محبوب حسین کی زیر قیادت وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں سے ان کے آفس کے کمیٹی روم میں ملاقات کی اور یونیورسٹی سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وفد میں سیکریٹری ڈاکٹر اصغر اقبال سمیت مجلس عاملہ کے دیگر اراکین بھی شامل تھے۔

ملاقات میں طے پایا کہ اساتذہ کا پرفارمینس ایولیشن ایوارڈ رمضا ن المبارک سے قبل جاری کر دیا جائے گا۔ وائس چانسلر ایسو سی ایشن کے اس مطالبے پر بھی متفق ہوئیں کہ پوسٹ ڈاکٹریٹ کیلئے بھی بجٹ مختص کیا جائے گا۔ شام کی کلاسز کا معاوضہ جات بھی فنانس کمیٹی کی سفارش پر بڑھانے کا جلد نوٹیفکیشن کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کلب کی گورننگ باڈی میں آسا کے صدر اور سیکریٹری کو بلحاظ عہدہ شامل کیا جائے گا۔

گوجرنوالا کیمپس کے اساتذہ اور ملازمین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ۔ کنٹریکٹ اساتذہ اور ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے مختلف شعبہ جات سے معلومات مانگ لی گئی ہیں۔ اسی طرح ڈے کئیر سنٹر کھولنے اور پہلے سے موجود سنٹرز کے اوقات کار بڑھانے پر بھی رجسٹرا ر کو رپورٹ تیار کرنے کا کہا گیا ہے۔ معاملات کا جائزہ لینے کے لئے جلد دوبارہ وائس چانسلر سے ملاقات کی جائے گی۔