ڈی جی ریسکیو پنجاب کا آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے حادثات پر اظہارِ تشویش

متعلقہ ادارے نیشنل فائر سیفٹی کوڈز پر عملدر آمد یقینی بنائیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

پیر 7 مئی 2018 20:19

لاہور۔07مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے حادثات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ اداروں کو آگ سے بچائو کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور شدہ نیشنل فائر سیفٹی کوڈز پر فوری عملد ر آمد کرانا چاہیے تاکہ ہر قسم کی شہری آبادی اور تعمیرات محفوظ ہوں ۔

انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈز کی میٹنگ کے دوران فائر سیفٹی آڈٹس کے نتائج شیئر کریں اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیں کہ وہ فائر سیفٹی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں ضلعی ایمرجنسی افسران کی کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں فائر سیفٹی کنسلٹنٹ مارکس ولکنس، سیکرٹری جنرل فائر پروٹیکشن ایسو سی ایشن پاکستان طارق معین ، ڈپٹی ڈائریکٹر (ایچ آر)ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈی ڈی ریسرچ رفعت ضیاء، ڈی ڈی ّآپریشنز ایاز اسلم ، ہیڈ آف لاء اینڈ ایڈمن ونگ علی حسن، تمام ضلعی ایمرجنسی افسران اور ریسکیو 1122ہیڈ کوارٹرز کے افسران نے شرکت کی۔لاہور میں د و بڑے شاپنگ مالز کو ڈیزائن کرنے والے مارکس ولکنز نے کہا کہ دونوں شاپنگ مالز کے آرکیٹیٹ کے دوران انہوں نے بین الاقوامی قوانین اور برطانیہ اور آسٹریلیا کے نیشنل فائر سیفٹی کوڈز کے مد ِ نظر رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان میں عمارات کا سٹاک دیکھا ہے جن میں فائر سیفٹی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ،پلازہ مالکان کو اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں کہ ان کے رہائشی یا تجارتی عمارات میں فائر سیفٹی کے اقدامات کس قدر اہمیت کے حامل ہیں اور لوگوں کو فائر سیفٹی کی تربیت ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہ ہمیں معاشروں اور اپنے ارد گرد لوگوں فائر سیفٹی کی تعلیم دینا چاہیے ۔

مارکس نے مزید کہا کہ معاشرے کے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر محفوظ معاشروں کے قیام کے لئے اقدامات اٹھانا ہونگے جوکہ ہماری سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ طارق معین نے نیشنل فائر سیفٹی کوڈز پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کئی متعلقہ اداروں کی مجموئی کاوش سے نیشنل فائر سیفٹی کوڈز بنے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد ہم ڈزاسٹر منیجمنٹ پر ڈگر ی پروگرام جاری کریں گے۔

ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے نیشنل فائر سیفٹی کوڈز بنانے کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تعریف کرتے ہوئے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے اضلاع میں عمارات کی تعمیر فائر سیفٹی کوڈز کی روشنی میں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گکھڑ پلازہ راولپنڈی میں آتشزدگی کے دوران ہمارے تیرہ فائر فائٹرز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اندوہناک بات یہ ہے کہ آج بھی وہیں ایک پلازہ کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی اور تجارتی عمارتات میں آتشزدگی کے حادثات سے بچائو کیلئے چند بنیادی اقدامات بشمول فائر ایکسٹینگوئشرز لگانا، ہائڈرنٹس سسٹم، فائر الارم سسٹم، سپرنکلرزسسٹم، ایمرجنسی انخلاء کے بیرونی راستے، ایمرجنسی انخلاء کے دروازے،عمارت سے ایمرجنسی انخلاء کا نقشہ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سروس نے اب تک ایک لاکھ دس ہزار آتشزدگی کے حادثات پر ریسپانڈ کرتے ہوئے اب تک 300ارب روپے کے نقصانات کوبچایا ہے۔