جہلم، ریسکیو1122 کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح الرٹ ہے،ضلعی انتظامیہ

پیر 7 مئی 2018 20:22

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) ریسکیو1122 کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح الرٹ ہے ، سیلابی سے گھرے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے ، زخمیوں کو پانی سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ہسپتال تک پہنچانے کیلئے ہر قسم کا سامان ریسکیو کے پاس موجود ہے ،ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضلعی انتظامیہ کے عملہ کی تیاری مکمل ہے اور کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم کپٹن )ر( عبدالستار عیسانی نے موسم برسات کی آمد سے قبل ضلع جہلم میں ممکنہ سیلاب کے خطرات سے نبٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام دریائے جہلم بیلا پلی کے مقام پر موک ایکسرسائز کے موقع پر کیا ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر، ریسکیو 1122 انچارچ ڈاکٹر فیصل ،محکمہ صحت، لائیو سٹاک، بہبودِ آبادی، زراعت، سوشل ویلفیئر، پولیس ،سول ڈیفنس سمیت شہری تنظیموں کے عمائدین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

موک ایکسرسائز میں تمام محکموں نے اپنی تیاری مکمل کی اور ایکسرسائز میں بھرپور حصہ لیا ۔اس موقع پر سیلاب میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے ، محفوظ مقامات پر منتقلی، زخمیوں کو طبی امداد اور تیراکی کے عمل کی ریہرسل کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بیلا بار کے مقام پر ریسکیو اور شہری تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا تفصیلی دورہ کیااور ریسکیو کے جوانوں کے سیلاب سے بچائے کے عملی مظاہر ے کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔