اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشیکا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ٹرائل کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا

پیر 7 مئی 2018 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ٹرائل کے حوالے سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سماعت کے آغاز پر جاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے والد کی جانب سے شہزاد اکبر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے دوران سماعت فاضل جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ایک سفیر کی سزا کا طریقہ کار عدالت کو بتایا جائے، یہ تو ہو نہیں سکتا کے جرم بھی ہو اور سزا بھی نہ ہو۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ امریکہ اجازت دے تو پاکستان میں جرم کا ٹرائل شروع کیا جا سکتا ہے،دوسری صورت میں امریکہ میں بھی جرم کا ٹرائل ہو سکتا ہے ۔سماعت کے دوران وزارت خارجہ کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ جو حکم دے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔سماعت کے دوران وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ٹرائل کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا۔