چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت اجلاس ،ْ امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیاگیا

پیر 7 مئی 2018 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ( ر) مشتاق احمد، ایس ایس پی اسلام آباد، ڈی آئی جی سیکورٹی، سپیشل برانچ اور ایجنسیوں کے نما ئندوں نے شرکت کی۔

انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے شرکاء کو بتایا کہ اسلام آباد کے 76 اہم مقامات پر سیکورٹی آڈٹ کیا گیا ہے اور سکیورٹی مزید سخت کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کومبنگ اور سرچ آپریشن بھی کامیابی سے جاری ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بھی مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے اور اب اس کا انٹیلی جنس ونگ بھی کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کو فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس کا جائزہ لیا جاتا ہے، خراب کیمرے ٹھیک کرائے گئے ہیں اور مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ رمضان المبارک کے دوران سیکورٹی پلان اور اس پر عملدرآمد پہلے ہی شروع کر دیا جائے گا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد ماڈل سٹی ہے۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ اور موبائل فون استعمال کرنے پر زیرو ٹالرنس ہونی چاہئے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمدکو سختی سے یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایاکہ رمضان المبارک میں پرائس چیکنگ کیلئے پرائس چیکنگ کمیٹیوں کو فعال کیا جا رہا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان المبارک سے پہلے ہی پرائس چیکنگ ٹیموں کو فعال بنایا جائے اور اشیاء خوردونوش کی مقررہ داموں فراہمی کو یقینی بنائیں اور مہنگائی کا سدباب کیا جائے۔

ذخیرہ اندورزی کے خاتمہ کو یقینی بنائیں، لوگوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے فوری ایکشن لیا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سی ڈی اے، پولیس اور ریونیو افسروں پر مشتمل ایک کمیٹی ایک دو روز میں تشکیل دی جائے گی اور قبضہ کی کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن لیاجائے گا۔