وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس،وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت

واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل آئی جی محکمہ انسداد دہشت گردی کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت پنجاب کابینہ نے جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنوں میں ملازمتوں کاکوٹہ بحال کرنے کی منظوری دی بہاولپور ،ملتان اوردیڑہ غازی خان ڈویژنوں کیساتھ بھکر اورمیانوالی کے اضلاع کاسرکاری ملازمتوں میں 20فیصد کوٹہ ہوگا:پنجاب کابینہ 31فیصد آبادی کے مقابلے میں 36فیصد وسائل کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہی:شہبازشریف

پیر 7 مئی 2018 20:30

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس،وفاقی وزیر داخلہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی اوروفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی محکمہ انسداد دہشت گردی کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ کمیٹی واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے گی پنجاب کابینہ نے جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنوں میں ملازمتوں کاکوٹہ بحال کرنے کی منظوری دی ،جس کے تحت بہاولپور ،ملتان اورڈیرہ غازی خان ڈویژنوں کیساتھ بھکر اورمیانوالی کے اضلاع کاسرکاری ملازمتوں میں 20فیصد کوٹہ ہوگا۔

اجلاس میں پنجاب کول مائننگ کمپنی کا نام تبدیل کر کے پنجاب منرل کمپنی رکھنے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح اورترقی مجھے بے حد عزیز ہے اوراس خطے کی ترقی کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔ 31فیصد آبادی کے مقابلے میں 36فیصد وسائل کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پورے خطے میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں اورجنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آئندہ بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔صوبائی وزراء،مشیران ،معاونین خصوصی ،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس نے اجلاس میں شرکت کی۔