پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے ہم اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں،گورنر سندھ

پاکستانی نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ،خوشحال پاکستان کے معمار اور ضامن ہیں، یہ نوجوان بانی پاکستان قائد اعظمؒ کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکر ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں، محمد زبیر کا یوتھ پارلیمنٹ کے سندھ کے ارکان کی تقریب حلف برداری سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 20:30

پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے ہم اپنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں اور ان کو عصر حاضر کے مطابق اعلیٰ تعلیم، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں کیونکہ کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی نوجوانوں کی ہی مرہون منت ہوتی ہے پاکستانی نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ،خوشحال پاکستان کے معمار اور ضامن ہیں، یہ نوجوان بانی پاکستان قائد اعظمؒ کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکر ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنر ہائوس میں یوتھ پارلیمنٹ کے سندھ کے اراکین کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے نائب صدر طارق حلیم ، سی پی ایل سی کے ڈپٹی چیف شوکت سلیمان ، سید کمیل حیدر شاہ ، فواد عتیق باری ، ضیا ء اعوان ایڈوکیٹ ،یوتھ پارلیمنٹ کے بانی / چیئر مین رضوان جعفر ، اراکین سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر نے یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین سے حلف لیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا تقریبا60 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے بھرپورصلاحیتوں اور توانائی سے مالا مال نوجوان اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہیں اس ضمن میں یوتھ پارلیمنٹ اسمبلی نوجوانوں کی فکری تربیت ، شعور کی بیداری اور مستقبل کی لیڈر شپ کی تیاری کے لئے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قوم کو اپنے با صلاحیت نوجوانوں سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اس ضمن میں وفاقی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے جامعات میں ہونہار طالب علموں کووزیر اعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے جس کے مثبت نتائج حاصل ہونے پر اب اس کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ، محنتی اور وژنری ہیںوزیر اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لئے منفرد اہمیت کا حامل ثابت ہورہا ہے اس پروگرام کے ذریعہ بڑی تعداد میں نوجوان فنی مہارت حاصل کررہے ہیں۔

گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی معاشرہ بنانے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا ، عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے میں یہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات با الخصوص تعلیم ، صحت اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وژن اور خواب کو شرمندہ تعمیر کرنے کے لئے کی جانے والی مسلسل محنت کے باعث ہی یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کی نئی نسل کے لئے ایک منفردادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اجلاسوں ، مطالعاتی دوروں ، مباحثوں، سیمینار ز ، ورکشاپس، ریسرچ پالیسیوں کی تیاری اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعہ یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران اپنی ترقی کی راہیں ہموار کررہے ہیں اس ضمن میںیوتھ پارلیمنٹ کے اراکین کوہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پربانی / چیئرمین رضوان جعفر نے یوتھ پارلیمنٹ کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے 5 ہزار سے زائد نوجوان یوتھ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں ، یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین کا انتخاب شفاف طریقہ سے وضع کردہ قانون کے مطابق کیا جاتا ہے اس میں نوجوان اپنے پسند اور فکر کے مطابق با صلاحیت ا ور وژنری نوجوانوں کو منتخب کرتے ہیں ۔ #